کراچی:سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاہے کہ نواز شریف جو الزام بانی پی ٹی آئی پر لگا رہے ہیں آج وہ خود کیا کر رہے ہیں؟اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں جمہوریت انڈر مائننگ ہو رہی ہے، پوری دنیا جانتی ہے پاکستان میں سیاسی قوتوں کو کمزور کر دیا گیا ہے، معلوم نہیں پاکستان میں سول بالادستی کی تحریک کہاں جا چکی ہے؟ معلوم نہیں کون آنے والے دنوں میں سول بالادستی کیلیے جدوجہد کرے گا۔
محمد زبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ایک بیانیہ اپنایا تھا آج خود اسی کی نفی کرتے نظر آ رہے ہیں، وہ اور بے نظیر بھٹو نے میثاق جمہوریت پر دستخط کیے تھے جس کا مطلب غلطیوں کا اعتراف تھا کہ جمہوریت کمزور ہوئی، میثاق جمہوریت پر چلنے کے بجائے آج پھر وہی پرانے راستے اپنائے گئے، نواز شریف کی ذمہ داری زیادہ ہے کیونکہ وہ سینئر سیاستدان ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ کو پی ٹی آئی کے ساتھ نیا میثاق جمہوریت کرنا چاہیے،(ن)لیگ پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ وہ حکومت میں ہیں، رانا ثناءاللہ بات اچھی کر رہے ہیں لیکن ان کو پارٹی قیادت کی پذیرائی نہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ، پی ٹی آئی مقبول ہے لیکن (ن)لیگ کی قیادت یہ قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔