6

سچی کہانیاں ۔۔اینکر کی ڈانٹ

میرا نام سلام شیخ ہے۔کہدو پاک کیلئے اپنا ایک بالکل سچا واقعہ پیش کررہا ہوں نا جانے آپ اس پر یقین کریں یا نہیں، لیکن یہ واقعہ بالکل سچا ہے۔ کیونکہ یہ کوئی خواب نہیں تھا ، نا ہی یہ کوئی نفسیاتی یاد ہے بلکہ یہ واقعہ رونما ہوا تھا اور بالکل ہوا تھا۔۔تاہم میں آپ سے اس سلسلے میں مدد کی درخواست ضرور کروں گا کہ کوئی اگر اس معمے کو حل کرسکتا ہے تو مجھے یہ بتائیں کہ وہ اصل میں ماجرا کیا ہوسکتا ہے؟

یہ 1976 کا زمانہ تھا۔۔واقعہ کچھ یہ ہے کہ میں ان دنوں اسکول کی ابتدائی جماعتوں کا طالب علم تھا، نیا نیا ہوش سنبھال رہے تھے، ان دنوں ہر چیز کھیل لگتی تھی، اور بیٹھے بیٹھے ، چلتے پھرتے حتی کہ کھاتے پیتے بھی ہم کھیل و تفریح کے بہانے ڈھونڈ لیا کرتے تھے، طبیعت میں ایک عجیب چلبلا پن تھا جو بچوں کو چین سے بیٹھنے نہیں دیتا۔

ان دنوں ٹی وی بلیک اینڈ وائٹ ہوا کرتے تھے، میں نانی کے گھر رہنے گیا ہوا تھا، یہ گلبہار کراچی کا علاقہ تھا، نانی کے گھر میں ٹی وی چل رہا تھا گھر والے اپنے کاموں میں مصروف تھے اور میں اکیلا بیٹھا ٹی وی دیکھ رہا تھا ساتھ ہی کمرے میں کھیل کود بھی جاری تھا۔ اتنے میں ٹی وی پر خبرنامہ شروع ہوگیا، اور میں نے بور ہوکر ٹی وی اینکر خاتون کو ڈانٹنا شروع کردیا۔ وہ خبریں پڑھے جارہی تھیں اور میں انہیں ڈانٹے جارہا تھا۔میرا بس یہی کہنا تھا کہ چپ ہوجاؤ، خاموش ہوجاؤ ، چپ ۔۔خاموش۔۔ یہ الفاظ میں بار بار دہرائے جارہا تھا، میری نظریں ٹی وی پر جمی ہوئیں تھیں،اور میں اینکر پر برسے جارہا ہے، اتنے میں ایک انتہائی عجیب واقعہ ہوا، جس سے میرے ہوش اڑ گئے، ان خاتون نے اپنے پیپر کے بجائے ایک لمحے کیلئے مجھے دیکھا اور غصے سے ’گندا بچہ‘ کہہ کر دوبارہ خبریں پڑھنے میں مصروف ہوگئیں۔میرا خوف کے مارے برا حال ہوگیا اور میں کمرے سے نکل گیا۔میں بچہ ضرور تھا لیکن جانتا تھا کہ تصویریں سن نہیں سکتیں، پھر اس ٹی وی اینکر نے کیسے میری باتیں سنیں، برداشت کیں اور آخر کار تنگ آکر مجھے ڈانٹ ہی دیا۔

اس واقعے کو آج ایک طویل عرصہ گزر چکا ہے،لیکن میں اسے بھول نہیں پاتا۔ نہ ہی یہ معمہ حل کرپاتا ہوں،آیا کیا وہ میرا وہم تھا؟ یا کوئی ایسی حقیقت جس کا جواب میں آج تک تلاش نہیں کرسکا۔آج بھی میں اس واقعے کو یاد کرتا ہوں تو خود کو حقیقت اور وہم کے درمیان معلق پاتا ہوں۔۔نہ جانے وہ کیا تھا اور کیسے ہوا۔اللہ بہتر جانتا ہے۔۔

::نوٹ::اس مضمون کے شہر اور کردار پرائیوسی کے نقطہ نظر سے بدل دیئے گئے ہیں۔اگر آپ بھی اپنا کوئی سچا واقعہ شیئر کرنا چاہیں تو اس ایڈریسssssss786@hotmail.com   پر میل  یا اس نمبر 03002500925   پر واٹس ایپ کرسکتے ہیں۔

کہدوپاک 

old ptv news anchor story

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں