بانی تحریک انصاف، سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ ہمارے کچھ لوگ مخالفین سے رابطے میں ہیں، جو پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں، وہی لوگ بشریٰ بی بی پر بھی امریکی ایجنٹ ہونے کا الزام لگا رہے ہیں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت گرانے کے باوجود 2 مرتبہ جنرل باجوہ سے مل سکتا ہوں تو کسی سے بھی مل سکتا ہوں، اس وقت میری ذات کا ایشو نہیں پاکستان کا ایشو ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ نے پیٹھ میں چھرا گھونپا، باجوہ کو ڈی نوٹیفائی کرسکتا تھا لیکن نہیں کیا، کبھی فوج سے لڑائی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ زرداری اور شریف خاندان کی کرپشن کا جنرل فیض اور جنرل باجوہ نے بتایا تھا، آج سیاست سے پیچھے ہوجاؤں تو سب ٹھیک ہوجائے گا، ہمارا مینڈیٹ کم کرکے کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ 6 ججز جو کھڑے ہوئے انہیں سلام پیش کرتا ہوں، جہاں ججز کو دھمکیاں مل رہی ہوں، وہاں کون سرمایہ کاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس بنانے پر چیئرمین نیب اور انعام شاہ کے خلاف کیس کروں گا، مجھے توڑنے کیلئے بشریٰ بی بی کو سزا دلوائی، جیولری سیٹ کی مالیت 3 ارب ظاہر کرکے ہمیں سزا دی گئی، جیولری سیٹ کی قیمت 1 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میری گرفتاری کے وقت پولیس میرے بیڈ روم سے میرا پاسپورٹ اور چیک بک بھی لے گئی، بشریٰ بی بی نے بنی گالہ میں موجود قیمتی اشیاء کو اسی وجہ سے کہیں اور منتقل کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف فیتے کاٹتے پھر رہے، اس کے پاس کوئی طاقت نہیں، آج دوبارہ الیکشن کروالیں، دوبارہ سب کو پتہ چل جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا جنازہ نکلے گا، جب قوم پر مہنگائی کی جائے گی۔