لاہور میں کروڑوں روپے کی ٹیکس ڈیفالٹر کمپنیوں کیخلاف کریک ڈاون کا آغاز کردیا گیا، ایف بی آر نے 2 بڑے کاروباری گروپس کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرکے کروڑوں روپے نکلوالئے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے لاہور میں کروڑوں روپے کی ٹیکس ڈیفالٹر کمپنیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔ وفاقی ادارے نے 2 کاروباری گروپس کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرکے کروڑوں روپے نکلوالئے۔
ایف بی آر کے مطابق جن کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی گئی ان میں راوی گیس بھی شامل جس کے ذمہ جولائی 2017ء سے جون 2018ء کے سیلز ٹیکس کی مد میں 4 کروڑ 68 لاکھ روپے واجب الادا تھے، جبکہ کمپنی 2017ء کے انکم ٹیکس کی مد میں 4 کروڑ 63 لاکھ 52 ہزار 876 روپے کی بھی نادہندہ تھی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بینک اکاؤنٹس منجمد کرکے مجموعی طور پر 4 کروڑ 52 لاکھ روپے کی ریکوری کرلی۔
لاہور کی رمنا فوڈز سال 2019ء کے انکم ٹیکس کی مد میں 2 کروڑ 86 لاکھ کی نادہندہ تھی، ایف بی آر کی ٹیم نے رمنا فوڈز کے اکاؤنٹس منجمد کرکے ایک کروڑ 86 لاکھ روپے کی ریکوری کرلی۔
ایف بی آر کے مطابق دونوں کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس کراچی اور لاہور میں واقع نجی بینکوں کی برانچز میں منجمد کئے گئے۔