کراچی :وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی قلت طلب کے مقابلے رسد میں کمی اور دوسری اہم وجہ ہے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے۔ کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی ریزووائر کے ذریعے کی جاتی ہے اور جب اطراف کے علاقوں کے عوام کی بجلی گھنٹوں بند رہتی ہے تو وہ مذکورہ ریزووائر کی بھی بجلی بند کردیتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن رکن سندھ اسمبلی بلال حسین جدون کے توجہ نوٹس کے جواب میں کہی۔
بلال حسین جدون نے کہا کہ میرے حلقے میں پینے کاصاف پانی کی قلت ہے، حکومت کو چاہے کہ لوگوں کوصاف پانی مہیا کیا جائے۔ جس پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ معزز ممبر کے توجہ دلاﺅ نوٹس سے میں اس حد تک ضرور متفق ہوں کہ شہر میں پانی کی قلت کا سامنا ہے اور اس کی وجہ پانی کی طلب کے مقابلے پانی کی رسد میں کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت گرمیوں کے باعث پانی کی فراہمی میں سب سے بڑا مسئلہ کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دو روز قبل بھی اس ایوان میں اس حوالے سے تفصیلی طور پر کہا تھا کہ بجلی کی بندش نے پانی کی فراہمی کو شدید متاثر کیا ہوا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ معزز ممبر نے اپنے جس حلقہ کا یہاں سوال کیا ہے وہاں واٹر بورڈ کی 48 انچ کی لائن میں رساﺅ بھی ہے اور اس کو درست کرنے میں واٹر بورڈ کو کم از کم 72 گھنٹے کے لئے اس لائن کو بند کرنا پڑ جائے گا، تاہم اس حوالے سے واٹر بورڈ کی ٹیم کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھارادر کا علاقہ ٹیل پر ہے، اس کی وجہ سے وہاں زیادہ مشکلات ہیں، تاہم ہم مکمل طور پر اس تکلیف کو کم سے کم کرنے کے لئے کام کررہے ہیں۔