کوئٹہ :بلوچستان سے چلنے والی جعفر ایکسپریس اور بولان میل کو عارضی طورپر بند کرنے فیصلہ کیا گیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس اوربولان میل کو 11 نومبر سے 4 روز کیلئے بند کرنے فیصلہ کیا گیا ہے۔ریلوے حکام نے بتایا کہ ٹرینوں کو بند کرنے کا فیصلہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر خودکش دھماکے میں خاتون سمیت 27 افراد جاں بحق اور60افراد زخمی ہو گئے تھے۔ جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا۔کمشنرکوئٹہ محمد حمزہ شفقات نے تصدیق کی ہے کہ ریلوے اسٹیشن پردھماکا خودکش تھا، خودکش بمبار سامان کے ساتھ ریلوے اسٹیشن میں داخل ہوا، ایسے کسی شخص کو روکنا مشکل ہوتا ہے جو خودکش حملے کے لیے آئے۔اس کے علاوہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں دہشت گردوں کا سر پوری قوت سے کچلنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 60 زخمی ہونے کے واقعہ پرتین روزہ سوگ کااعلان کیاگیاوزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ 11سے 13نومبر تک تین روزہ سوگ منانے کااعلان کیا گیا ۔