کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا۔ صوبائی وزراء، مشیراں، معاون خصوصی، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تیزی لانے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا جن اسکیموں پر کام سست روی کا شکار ہے وہاں پیشرفت کو تیز کیا جائے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے رمضان المبارک کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت بھی کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ آرہا ہے۔ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انتظامیہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر ضابطہ لائے۔تاجروں کو بابرکت ماہ میں اشیائے خورد و نوش کی مناسب قیمتیں مقرر کرنی ہوں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔رمضان میں پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔بازاروں میں معیاری اشیا کی وافر اور سستی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔