بانی چیئرمین تحریک انصاف، سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ کسی صورت بلاول بھٹو زرداری کی مدد نہیں کریں گے۔
کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ اوپن ٹرائل نہیں، میڈیا نمائندوں کو پیچھے بٹھادیا گیا۔۔
ان کا کہنا تھا سارا کنٹرول اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہے، پہلے دن سے کہہ رہا ہوں صاف شفاف انتخابات کروائیں، عوام جس کو چاہیں، اس کو لانا چاہیے۔ انجینئرنگ نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو اب بھی پکڑا جارہا، پی ٹی آئی میدان میں موجود ہی نہیں تو سروے کیسے کیا جارہا؟۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حالات اب یہ بن چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کو کنٹرول کرنا ان کیلئے مشکل ہے، ساری پارٹیز ایک ہوچکیں، پھر بھی پی ٹی آئی کو کنٹرول نہیں کرپارہے، اتوار کو لوگ باہر آئیں اور اپنی مہم شروع کریں۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 9 مئی کا الزام ہم پر لگایا گیا لیکن ہم نے تو کوئی قانون نہیں توڑا، جب مجھے گولیاں لگیں تب بھی کوئی احتجاج نہیں ہوا۔