اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سنگین معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے حکومت اور آرمی چیف یکجا ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ میں اپنے آپ کو سب سے زیادہ گناہ گار انسان سمجھتاہوں، ہمیں اللہ سے معافی مانگنی ہے اور اسی کی طرف لوٹنا ہے۔انھوں نے کہا کہ علمائےکرام کی رہنمائی پر چلنے والاانسان ہوں، 14اگست2024کو انشااللہ ہم 77واں یوم آزادی جوش و خروش سے منائیں گے، جتنی پاکستان کو آج قومی یکجہتی ،اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے شائد پہلے نہ تھی، جتنا تعاون سیاسی حکومت اورآئینی اداروں میں آج ہے شائد پہلے کبھی سیاسی کیریئرمیں نہیں دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کوسنگین معاشی حالات درپیش ہیں، ہمیں اپنے ماضی سے سبق حاصل کرکے دن رات محنت کرنی چاہیے، یقین ہے کہ ہم ملکر پاکستان کو اقوام عالم میں اہم مقام دلاسکتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قرضوں سے جان چھڑانی ہے توہمیں روکھی سوکھی روٹی کھاناہوگی، ماضی اورآج میں یہ فرق ہے کہ مکمل مشاورت ہے تاکہ ملک آگے جاسکے۔ج یہ سیاسی حکومت جس لائق بھی ہے لیکن دن رات کوشش کررہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 9مئی کو جو ہوا اس سے زیادہ دلخراش واقعہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوا، قوم میں تقسیم کو روکنے کیلئے علمائے کرام سے زیادہ معتبر آواز کوئی ہونہیں سکتی ،تقسیم درتقسیم کا خاتمہ کروائیں اور ملک کو ترقی وخوشحالی میں آگے لے کر جائیں۔شہباز شریف نے بتایا کہ ترقیاتی کاموں سے50ارب کاٹ کر جولائی،اگست،ستمبرکے بلوں میں سبسڈی دی ، 200 سے لیکر 500 یونٹ تک گھریلو صارفین پربہت بڑا بوجھ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف،آرمی چیف،بلاول بھٹو،آصف زرداری سب کی مشاورت ہورہی ہے، یہ سب کچھ کافی نہیں ہے اس کیلئے جامعہ منصوبہ بنایاجارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ جامع منصوبہ بندی کیلئے گزشتہ روز رات آصف زرداری سےبات ہوئی، نوازشریف اورپنجاب حکومت سے اس حوالے سے رابطہ ہے، سپہ سالارہمارے ساتھ اس مشورے میں شامل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سنگین معاشی مشکلات سےنکالنے کیلئے سیاسی حکومت اورسپہ سالار یکجاہیں، ان تمام امور پر سیاسی حکومت ، ادارے اور سپہ سالار یکسو ہیں، یہی طریقہ ہے جس سے پاکستان کومشکلات سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔