14 روز گزر گئے، CEO ریلویز کا فیصلہ نہ ہوسکا

پاکستان ریلویز میں سی ای او کی تعیناتی متنازعہ، التواء کا شکار، عامر بلوچ کے نام کی منظوری کے باوجود 14 روز بعد بھی نوٹی فکیشن جاری نہ کیا جاسکا۔

ریلویز کے سی ای او شاہد عزیز 26 اکتوبر کو مدت ملازمت مکمل کرکے ریٹائرڈ ہوئے، جس کےبعد سی ای او کیلئے گریڈ 21 کے 3 افسران کے نام وزیراعظم ہاوس سیکرٹریٹ بھجوائے گئے، جس میں شعبہ مکینیکل کے ثمین اللہ گنڈا پور، شعبہ ٹریفک کمرشل کے عامر بلوچ اور شعبہ سول انجینئرنگ کے عامر نثار کا نام شامل تھا۔

ذرائع کے مطابق تجربے اور سینیارٹی کے لحاظ سے ثمین اللہ گنڈا پور کو سبقت حاصل تھی، ان کا نام فہرست میں سرفہرست تھا تاہم نگراں وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ، سابق وزیر ریلوے سعد رفیق اور چیئرمین ریلویز مظہر علی شاہ کی مداخلت پر عامر بلوچ کے نام کی منظوری دلوائی گئی۔

ذرائع کے مطابق تینوں شخصیات نے وزیراعظم ہاوس سیکرٹریٹ میں اثر و رسوخ استعمال کرکے موسٹ سینئر افسر ثمین اللہ گنڈا پور کا نام سی ای او کی فہرست سے نکلوادیا۔

ذرائع کے مطابق میرٹ کے برخلاف عامر بلوچ کی بطور سی ای او منظوری پر تنازعہ کھڑا ہوگیا، جس کے باعث 14 روز بعد بھی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا، جو تنازعے کی زندہ دلیل تصور کی جارہی ہے۔

ادھر 14 روز سے سی ای او کی نشست خالی ہونے پر ادارے میں دفتری، انتظامی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں، فائل ورک بھی بری طرح متاثر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں