پاک چین تعلقات پر دونوں ملکوں کے صدور کا اظہار اطمنان

چین کے صدرشی جن پھنگ نے کہا ہے کہ وہ دوطرفہ اسٹریٹجک مواصلاتی اور عملی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور چین- پاکستان اقتصادی راہداری( سی پیک) کے اعلی معیار کے آپریشن کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے صدر عارف علوی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

صدر شی نے ان خیالات کا اظہار چین پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر صدر عارف علوی کے ساتھ مبارکباد کے پیغامات کے تبادلے میں کیا۔

صدر شی نے کہا کہ وہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کے مفاد کے لئے نئے دور میں ہم نصیب مستقبل کے ساتھ ایک قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے لئے پاکستان کے رہنما کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ 1951 میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوطی سے فروغ پا رہے ہیں جس سے دنیا کے دوسرے ممالک کے لئے ایک مثال قائم ہوئی ہے۔

شِنہوا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات انتہائی منفرد نوعیت کے ہیں۔ آج کے دور میں ممالک کے تعلقات عمومی مفادات پر مبنی ہیں، لیکن پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کی بنیاد دوستی ، اخلاقیات اور عوام کی دیکھ بھال پرہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی کو بیان کرنے کے لئے پاکستان میں اکثر یہ محاورہ بولا جاتا ہے کہ یہ دوستی پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے زیادہ گہری اور شہد سے میٹھی ہے اور یہ محاورہ گزشتہ 70سالہ تعلقات کی انتہائی مناسب وضاحت ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں