پاک افریقہ اقتصادی کونسل کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری

کراچی: پاک افریقہ اقتصادی کونسل کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری منعقد کی گئی ۔تقریب میں پاکستان وزارت امورِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر احمد علی سیروہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دونوں خطوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنا ہے، جو پاکستان کے لیے منفرد اقتصادی مواقع فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افریقہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، اور پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل اس مقصد کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ افریقہ کے 54 ممالک میں کاروباری مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل کے قیام سے دونوں خطوں کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی، جو کہ نتیجتاً روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ یہ مواقع پاکستانی نوجوانوں کو خود روزگار اور مختلف شعبوں میں کام کے لیے سہولتیں فراہم کریں گے، جس سے نہ صرف پاکستان کی معیشت میں بہتر ہوگی بلکہ حکومت کے لیے ٹیکس کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔

بعدازاں نو منتخب چیئرمین پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل کے ڈاکٹر شہباز علی ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل کا قیام ایک نادر موقع ہے جو پاکستان کی معیشت کو مزید مستحکم کرے گا۔ افریقہ کی وسیع اور ترقی پذیر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے بے شمار امکانات موجود ہیں، اور ہم اس موقع کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اور کاروباری برادری سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس نادر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور افریقہ کے 54 ممالک میں موجود کاروباری اور تجارتی مواقع سے استفادہ کریں۔ اس سے نہ صرف پاکستان کا اقتصادی منظرنامہ بدل جائے گا بلکہ معاشی ترقی کی ایک نئی راہ بھی ہموار ہوگیا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل کے ذریعے دونوں خطوں کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور پاکستان کو دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر احمد علی سیروہی نے چیئرمین ڈاکٹر شہباز علی ملک، نائب چیئرمین ریحان چاولہ، فواد شیخ، ناصر شیخ اور عبدالوہاب ایدھی سے حلف لیا۔ انہوں نے نئے عہدیداروں کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس کونسل کے ذریعے دونوں خطوں کے اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں