مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 34 سالوں کے دوران بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں 96 ہزار 275 شہریوں کو شہید کیا جن میں 2 ہزار 352 خواتین بھی شامل تھیں۔
دنیا بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا، اس موقع پر کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خواتین پر ایک رپورٹ جاری کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ 34 سالوں میں بھارتی فوج نے 2 ہزار 352 کشمیری خواتین کو شہید کیا جب کہ 11 ہزار 259 خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیری خواتین تنازعہ کشمیر سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں اور 1989 سے اب تک 22 ہزار 967 خواتین بیوہ ہوئی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کی بے حرمتی کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بدترین شکار ہیں لیکن تمام ہتھکنڈوں کے باوجود بھارتی فوج کشمیری خواتین کو خوفزدہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔