سموگ پرقابو پانے کیلئے مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ

لاہور:سموگ کی بگڑتی صورتحال پرقابو پانے کے لئے محکمہ ماحولیات اور موسمیات نے لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسموگ سے بدتر ہوتی صورتحال میں لاہور میں مصنوعی بارش برسانے تیاریاں مکمل کر دی گئیں۔

محکمہ موسمیات نے لاہور میں اسموگ کے تدارک کیلئے مصنوعی بارش کیلئے مانیٹرنگ بھی مکمل کر دی ہے۔پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر منور صابر کا کہنا ہے کہ 11 اور 12 نومبر کو بادلوں میں 30 فیصد نمی کا امکان ہے نمی والے بادل آئے تو رواں سیزن مصنوعی بارش کا پہلا ٹرائل ہو گا، مصنوعی بارش کیلئے سازگار موسم درکار ہے اور تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔دوسری جانب گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اسموگ قابو سے باہر ہوچکی ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد بیماریوں میں مبتلا ہوکر اسپتالوں میں پہنچ رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اسکول، کالجز اور تفریحی مقامات بند کرنے کے مثبت نتائج نہ مل سکے جب کہ مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کے احکامات کو تاجر تسلیم نہیں کر رہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آلودگی بڑھتی جا رہی ہے۔ یہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے عارضی طور پر پنجاب بھر میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اسموگ انسانی صحت کے لیے بڑا مسئلہ ہے۔ اس پر مستقل طور پر قابون پانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی اور متعلقہ تمام اداروں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں