کراچی:میونسپل ٹیکس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد شہریوں نے کے الیکٹرک کی گاڑیوں میں باقاعدہ طور پرکچرا ڈالنا شروع کردیا ہے۔کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس لگانے کے معاملے پر شہری غم و غصے میں مبتلا ہیں۔
کراچی کے شہریوں نے بجلی کمپنی کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنا شروع کردیا ہے۔کے لیکٹرک کی گاڑی میں دوسری بار کچرا ڈالنے کی ویڈیو سامنے آ ئی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک بجلی نہیںدے سکتی لیکن اب میونسپل ٹیکس لے رہی ہے تو کچرا تو لےکر جانا پڑے گا، شہریوں نے کے الیکٹرک کی گاڑی میں بالٹیوں سے کچرا پھینکا۔خیال رہے کہ دو سال قبل سن 2022 میں بھی کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے بلوں میں کے ایم سی چارجز وصول کرنے کے خلاف عوام کا سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔دو سال قبل کراچی کے شہریوں نے کے الیکٹرک کے شکایتی مراکز اور 118 پر کال کر کے شکایت درج کروائیں اور احتجاجاً کے الیکٹرک کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنا شروع کر دیا تھا۔
مہنگائی کے ستائے شہریوں کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک والے بجلی دیتے نہیں اور ٹیکس وصول کرنے میں سب سے آگے ہیں، کے ایم سی کا ٹیکس لے رہے ہو تو کچرا بھی لے کر جائیں۔کے الیکٹرک اور کے ایم سی کے مابین بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کا معاہدہ طے پایا ہے جس پر عوام سخت ناراض ہیں۔ ٹیکس وصولی کے خلاف سوشل میڈیا پر بھی آواز اٹھائی جارہی ہے۔