آئی سی سی چیمپئنز میچز کے مزید ٹکٹوں کے اجرا کا فیصلہ

کراچی :پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز کیلئے مزید ٹکٹس ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق عوام کی دلچسپی دیکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے چار میچز کی مزید ٹکٹیں اب شائقین کو دستیاب ہوں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، پاکستان بمقابلہ بنگلا دیش ، آسٹریلیا ،انگلینڈ میچ کے علاوہ سیمی فائنل کے ٹکٹس ریلیز ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کے میچ کے مزید دو ہزار ٹکٹس ریلیز ہوں گے جبکہ دیگر میچز کے پانچ پانچ ہزار ٹکٹس ریلیز ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ٹکٹس آن لائن بھی حاصل کیے جاسکتے اور نجی کوریئر سروس کے دفتر پر بھی دستیاب ہوں گے۔پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ انیس فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گا۔دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔فاسٹ بولر جیرالڈ کوئیٹزی انجری کے باعث پاکستان میں ہونے والی سہ فریقی سیریز اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے۔جنوبی افریقی ٹیم نے گزشتہ ماہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اسکواڈ میں شامل فاسٹ بولر اینرک نوکیا انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے۔

نوکیاکی انجری کے بعد جیرالڈ کوئیٹزی کا نام ان کے متبادل کے طور پر چیمپئنز ٹرافی اور سہ افریقی سیریز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔کرکٹ ساوتھ افریقاکے مطابق کوئیٹزی نے ٹریننگ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے اپنی ران میں کھنچاومحسوس کیا۔فاسٹ بولر کا میڈیکل ٹیم نے معائنہ کیا جس میں ان کی انجری کو شدید قرار دیا گیا۔کوئیٹزی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق نوجوان فاسٹ بولنگ آل راونڈر کوربن بوش اور لوتھو سپاملا چیمپئنز ٹرافی میں کوئیٹزی کے متبادل کے مضبوط امیدوار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں