کراچی:سندھ حکومت نے جاب پورٹل متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے شہریوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ایپ کی سہولت مفت ہے۔جاب پورٹل کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور بزنس کمیونٹی کے علاوہ بڑی تعداد میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے جاب پورٹل لاﺅنچ کیا ہے۔ اس پورٹل پر صوبے کے نوجوان رجسٹرڈ ہوں گے۔ مواقع اور ٹیلنٹ اکٹھے ہوں گے تو صوبہ ترقی کرے گا۔ نوکری دینے اور لینے والوں سے گزارش کروں گا کہ زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سے 4گریڈ کی نوکریوں کا اشتہار بھی اس پورٹل پر دیں گے۔ 5سے 15 گریڈ کی نوکریاں آئی بی اے کے ذریعے دیتے ہیں۔ شفاف طریقے سے نوکریاں دیں گے۔ عارضی نوکریوں کو بھی اس سسٹم کے ساتھ لنک کریں گے۔ اس جاب پورٹل کی تشہیر کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ رجسٹرڈ ہو سکیں۔
مراد علی شاہ نے کہاکہ ہمیشہ کی طرح پیپلز پارٹی اس صوبے کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔ کوشش ہے کہ سندھ کے لوگوں کی مزید خدمت کریں۔ اس صوبے کو لوگوں نے سیلاب میں شدید مشکلات دیکھی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق 21 لاکھ گھروں کا منصوبہ بنایا۔ 8لاکھ سے زائد گھر بنا چکے ہیں۔ سیلاب متاثرین کے جو گھر بنائے، اگر ملک بنا دیں تو دنیا کے 800 ملکوں سے بڑا ملک بنے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارے ملک میں 65فیصد یوتھ ہے۔ یہ پورٹل بنایا گیا ہے۔ اس ایپ میں نہ صرف پڑھے لکھے افراد بلکہ ان پڑھ ہنرمند بھی اپنی سی وی ڈال سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف گورنمنٹ بلکہ پرائیوٹ سیکٹر کے اداروں سے بھی ہم نے رابطہ کیا ہے وہ بھی اس پورٹل ایپ سے روزگارکے مواقع دیں گے۔ اکثرنوجوان سرکاری نوکری چاہتے ہیں۔ پیپلز ہاسنگ اسکیم جیسے پروجیکٹ بھی ہیں، ایسے پروجیکٹ بھی بنائے ہیں جس سے لوگ ہنرمند ہورہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی یہ ایپ بالکل مفت ہے، ہرنوجوان کواس ایپ میں اپلائی کرنے کاموقع ملے گا۔ اس ایپ میں اسکلزلیبر کوبھی چانس ملے گا، جس ادارے کوضرورت ہوگی وہ پک کرلے گا، یہ جاب پورٹل صرف گورنمنٹ کانہیں پرائیویٹ سیکٹرکےلیے بھی ہے، پرائیویٹ سیکٹر بھی اس ایپ کے ذریعے ہینڈ ہولڈنگ کرسکتے ہیں۔