کراچی:انٹرآرٹس ریگولر امتحانات کے پہلی بارحیران کن نتائج سامنے آئے ہیں۔نتائج میں 70 فیصد طلبا فیل ہوگئے اور کامیابی کا تناسب 29.31 فیصد رہا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں انٹرآرٹس ریگولرامتحانات میں ستر فیصد طلبا ناکام ہوگئے، صرف سات طلبا اے ون گریڈ لے سکے۔
امتحانات کے نتائج میں طلبا کی کامیابی کا تناسب تین فیصد اور طالبات کی کامیابی کا تناسب پچیس فیصد رہا۔10 ہزار 551امیدوارانٹرآرٹس ریگولر کے امتحانات میں شریک ہوئے ، جس میں سے صرف 3ہزار 92 امیدوارکامیاب ہوئے، انٹرآرٹس ریگولر میں طالبات کے پاس ہونے کی شرح 25 فیصد ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس انٹرمیڈیٹ سال اول پری انجینئرنگ کے امتحانات 2023ء میں شریک 23 ہزار 994 امیدواروں میں سے صرف 8 ہزار 328 امیدوار ہی تمام چھ پرچوں میں کامیاب ہوسکے تھے اور نتیجہ 34 فیصد تھا۔