کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کریک میں ضمنی الیکشن کیلئے آزاد امیدوار بھی سرگرم

کراچی:کراچی کے علاقے کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کریک میں ضمنی الیکشن میں آزاد امیدوار بھی سرگرم سرگرم ہیں۔کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کریک وارڈ 4 کی کونسلر کی نشست کے لئے 14 نومبر کو منعقد ہونے والے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار قاری محمد نجیب نے کہا ہے کہ کونسلر منتخب ہونے کے بعد عوام کی امنگوں کے مطابق علاقے کی ترقی کے لئے دن رات کام کروں گا اور انہیں کبھی مایوس نہیں کروں گا۔

بھٹائی کالونی میں انتخابی مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاری محمد نجیب کا کہنا تھا کہ مجھے علاقے کی عوام کے مسائل کا اندازہ ہے اگر عوام نے مجھے منتخب کیا تو سب سے پہلے میں پینے کے پانی کا مسلہ حل کروں گا بلا ناغہ پانی فراہم کیا جائے گا۔علاقے کی تمام گلیوں کو پکا کیا جائے گا۔نکاسی آب کا نظام بھی بہتر کیا جائے گا،ہر گلی میں اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی اور علاقے میں درخت لگاکر عوام کو صحت افزا ماحول فراہم کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے لئے میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے گزارش کی کہ وہ علاقے کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لئے انتخابی نشان پریشرکوکر پر مہر لگاکر اپنا قیمتی ووٹ دے کر منتخب کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے بھٹائی کالونی کومثالی علاقہ بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں