چیمپئنزٹرافی کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان تاخیر کا شکار

لاہور:پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان بدستور تاخیر کا شکار ہے جب کہ ایونٹ کے لیے اوپننگ بلے باز صائم ایوب کی شمولیت پر اب بھی سوالیہ نشان برقرار ہے۔

میڈیاذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہوگا لیکن اس سے قبل پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کراچی اور لاہور کے نئے تعمیر شدہ اسٹیڈیمز میں سہ ملکی سیریز کھیلی جائے گی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں میچ کے پہلے ہی دن اوپننگ بلے باز صائم ایوب انجری کا شکار ہوگئے تھے اور اس وقت ان کا لندن میں علاج جاری ہے تاہم سہ ملکی سیریز میں صائم ایوب کی شمولیت کا امکان نہیں ہے۔

اس کے علاوہ صائم ایوب کی انجری کے باعث چیمپئینز ٹرافی کے لیے بھی قومی اسکواڈ کا اعلان بدستور کا شکار ہے اور چیمپئنزٹرافی میں صائم ایوب کی شمولیت کا امکان 50 فیصد ہے۔

ذرائع کے مطابق میڈیکل ٹیم نے صائم ایوب کو آپریشن تجویز نہیں کیا اور وہ صرف ری ہیب سے مکمل صحتیاب ہوسکتے ہیں تاہم صائم کے ری ہیب کا دورانہ طے ہونے کے بعد اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔

خیال رہے کہ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے جب کہ بھارت اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف دبئی میں کھیلے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں