Jaffar Express attack: Forces' operation in final phase

جعفر ایکسپریس حملہ: فورسز کا آپریشن آخری مرحلے میں، بڑی تعداد میں مسافر بازیاب، تمام دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ؛ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد دوسرے روز جاری سیکیورٹی فورسز کا آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، بڑی تعداد میں مسافروں کو بازیاب کرا لیا گیا جبکہ تما دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اب تک سیکیورٹی فورسز نے بڑی تعداد میں مسافروں کو دہشت گردوں سے باحفاظت بازیاب کروا لیا، جبکہ تمام دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کے دہشت گرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، دہشت گردوں نے خودکش بمبار دہشت گردوں کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل پاس بٹھایا ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ شکست کے پیش نظر دہشت گرد خودکش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق خودکش بمباروں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے، خودکش بمبار 3 مختلف مقامات پر عورتوں اور بچوں کو یرغمال بناکر ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، عورتوں، بچوں کی خودکُش بمباروں کے ساتھ موجودگی پر آپریشن میں انتہائی احتیاط کی جارہی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 37 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ 190 مسافروں کو دہشت گردوں سے بازیاب کروا لیا گیا ہے اور اب تک 30 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے، باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔

دریں اثنا، سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے، بڑی تعداد میں یرغمال مسافروں کو بازیاب کروا لیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران انتہائی احتیاط اور مہارت کا مظاہرہ کیا گیا، آپریشن کے دوران انسانی جانیں بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی۔

مزید بتایا کہ شہید مسافروں کی تعداد کا تعین کیا جا رہا ہے، موقع پر موجود تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، مزید تفصیلات کچھ دیر میں مطلع کر دی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں