سوشل میڈیا پر اس تین لفظی جملے نے طوفان مچایا ہوا ہے۔ جس کو دیکھو اس بارے میں ہی بات کررہا ہے۔ یہ کہانی شروع ہوئی اینکر ارشد شریف کے پروگرام سے، جس میں انہوں نے کئی سوالات اٹھائے اور ہر سوال ان جملوں پرختم ہوا کہ ، وہ کون تھا؟ اور پھر یہ جملہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
اس شو کے جو سوال مقبول ہورہے ہیں ان میں ایک سوال یہ ہے کہ وہ کون تھا کہ جس نے عمران خان کے ایبسولوٹلی ناٹ سے پہلے ہی امریکا کو کہہ دیا تھا کہ اڈے دینے کے معاملات طے ہوگئے ہیں۔ لیکن اس سوال سے یہاں ایک سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ ان سے کس نے کہا کہ ایسا کوئی بیان واقعی امریکا کو دیا گیا تھا ؟اس الزام کی تصدیق کیسے ہوگی؟
ایک سوال یہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ وہ کون تھا جس نے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا؟ہاں اس سوال کے بارے میں کوئی اندر کی بات لانا اتنا ضروری نہیں۔ کچھ باتیں اس قدر واضح رونما ہورہی ہوتی ہیں کہ عوام اس پراپنی رائے ضرور قائم کرتے ہیں۔
پھر اگلا سوال یہ ہے کہ عدم اعتماد سے کچھ وقت پہلے ہی وہ کون تھا؟جس نے ڈی چوک کو سیل کرایا، جب عمران خان نے ورکرز کو وہاں پہنچنے کی کال دی تھی۔اس سوال پر یہ کہنا مناسب ہوگا کہ اس بارے میں اس وقت کچھ عدالتی معاملات بھی سامنے آئے تھے اس بنا پر شاید ڈی چوک دھرنا ممکن نہ ہوسکا ہو۔
ایک بڑا دلچسپ سوال ہے کہ عدم اعتماد والے روز پارلیمنٹ کے باہر قیدیوں کی وین پہنچانے کے احکامات کہاں سے آئے۔ اس بارے میں بہرحال عوام اپنی رائے بنانے میں آزاد ہیں ۔
گورنر پنجاب کے سیکرٹری کو گورنر کا حکم نہ ماننے کا حکم کس نے دیا؟ وہ کون تھا؟یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے۔
وہ کون تھا کے ٹاپ ٹرینڈ میں کئی سوالات نئی حکومت کے کرتا دھرتاؤں پر فٹ ہورہے ہیں۔جیسے شیریں مزاری کو گرفتار کس نے کرایا اور کون تھا وہ ، جس نے پی آئی قیادت پر مسلسل مقدمات درج کرائے؟
ایک دلچسپ سوال یہ بھی ہے کہ وہ کون ہے جس نے الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ارکان کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن روکا ہوا ہے۔اس سوال کو پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن میں جاری تناؤ کے پس منظر میں دیکھا جاسکتا ہے۔
وہ کون تھا جس نے شہباز، حمزہ کیسز کا پراسیکیوٹر ہی تبدیل کرادیا؟ سوال دلچسپ ہے لیکن یہ معاملہ اب ازخود نوٹس کی صورت میں کورٹ میں ہے۔
پاکستان کی سیاست میں وہ کون تھا کا جملہ پہلی بار ٹاپ ٹرینڈ بنا ہے۔ لیکن یہ جملہ نیا نہیں۔ پاکستان کی تاریخ قیام پاکستان کے بعد سے لے کر اب تک، درجنوں مواقعوں پر اس سوال کی گونج سنتی آئی ہے کہ ’’وہ کون تھا‘‘ ؟
(شعیب واجد)