90 روز میں عام انتخابات: درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا مطالبہ

تحریک انصاف نے چیف جسٹس پاکستان سے 90 روز میں عام انتخابات کے حوالے سے درخواستیں سماعت کیلیے مقرر کرنے کا مطالبہ کردیا۔تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پی ٹی آئی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے نوّے روز کی آئینی مدت میں عام انتخابات کے انعقاد کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نوّے روز کی آئینی مدت میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرچکی ہیں۔

کور کمیٹی نے کہا کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد نوّے روز کی مدت میں انتخابات کا انعقاد بنیادی دستوری تقاضا ہے، دستور پر اس کی مرضی اور منشاء پر عملدرآمد یقینی بنانا سپریم کورٹ آف پاکستان کے کلیدی فرائض میں شامل ہے، آئین کو نیچا دکھانے کی روایت ریاست کے وجود و استحکام کیلئے نہایت تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے، عدالتِ عظمٰی کو اس کی بیخ کنی کیلئے فوری اقدام کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں