اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، دونوں برادر ممالک مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات کے حامل ہیں اور مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر ان کے خیالات مشترک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کا خواہاں ہے کیونکہ ملک میں زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی صلاحیت موجود ہے، پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل تشکیل دی ہے تاکہ فیصلہ سازی کو تیز کرنے اور چار اہم شعبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا جا سکے۔