پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، این اے 243 کیماڑی سے امیدوار عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہےکہ 3 بار کے ناکام وزیراعظم نواز شریف چوتھی بار بھی عوام کو سبز باغ دکھارہے ہیں، اب تو لاہور میں بھی ان کی کوئی حیثیت نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ٹی خان روڈ سلطان آباد یوسی 7 کے سابق چیئرمین، سماجی رہنما افسر خان خٹک کی جانب سے منعقدہ جلسے سے خطاب میں کیا۔
جلسہ میں پیپلز پارٹی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے نمائندے، کارکنان، اہل علاقہ، باالخصوص خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی-
جلسے سے خطاب میں عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان سے بھاگے تو نعرہ لگایا مجھے کیوں نکالا، اب واپسی میں اپنی حیثیت دیکھ کر کہتے ہیں مجھے کیوں بلایا؟۔
ان کا کہنا تھا نواز شریف نے ہمیشہ پی پی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، ہم انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی۔
جیالے امیدوار نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں جاکر کہہ رہے ہیں الیکشن کراو، میدان میں آو، ن لیگ تو اب لاہور میں بھی دکھائی نہیں دے رہی۔
انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ آپ نے ساتھ دیا تو بنیادی مسائل حل کرکے دکھائیں گے۔
پی پی رہنما نے شاندار جلسے کے انعقاد پر افسر خان خٹک، طارق برکی، ایات محسود اور علاقہ مکینوں کا شکریہ ادا کیا۔