سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر اکبر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل میں کارروائی کے خلاف چیف جسٹس سمیت ججز کے نام کھلا خط لکھ دیا۔
خط میں جسٹس مظاہر اکبر نقوی نے لکھا ہےکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود نے سابق چیف جسٹس کو میرے خلاف کارروائی کرنے کیلئے خطوط لکھے، سپریم کورٹ اور عوام کیلئے فرائض سر انجام دے رہا ہوں۔
خط میں جج نے کہا کہ سیاسی اشرافیہ کے ہاتھوں کھیلنے سے انکار کے نتائج بھگت رہا ہوں، سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کا آخر تک مقابلہ کروں گا، یہ سپریم کورٹ کے وقار کا معاملہ ہے۔
انہوں نے لکھا کہ جسٹس اعجاز کا رجسٹرار کو لکھا گیا خط ظاہر کرتا ہےکہ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کی کیسے خلاف ورزی کی جارہی ہے اور 3 رکنی کمیٹی کے اجلاس میں سینیارٹی کی بنیاد پر بینچز کی تشکیل کا فیصلہ ہوا۔
جسٹس مظاہر نقوی نے خط میں سوال اٹھایا کہ چیف جسٹس قاضی فائز نے اس موقع پر یہ بینچ تشکیل کیوں دیا؟ اس کا فیصلہ آپ ججز خود کریں۔