چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 24 اکتوبر کو جیل میں جو ہمیں کہا وہ سچ ثابت ہو رہا ہے، یہ لندن کا پلان نہیں بلکہ لندن میں معاہدہ ہوا تھا اور عدالتیں اس کا ساتھ دے رہی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بھائی کے لیے کھڑے ہیں اس کو اکیلا تو نہیں چھوڑیں گے، پاکستان میں کوئی عدالت نہیں جو چیئرمین پی ٹی آئی کو انصاف دے سکے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہونا تو یہ چاہیے کہ ہم بھی جا کر جیل میں بیٹھ جائیں یہاں تو ہمارا کام ختم ہو گیا، چیئرمین پی ٹی آئی ہی اپنی جماعت کے لیڈر ہیں چاہے وہ جیل میں ہوں۔
علیمہ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ جو کچھ ہو رہا ہے لندن میں ہوئے معاہدے کےتحت ہو رہا ہے اور ہماری عدالتیں اس کا ساتھ دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کا ایک حصہ یہ ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو انتخابات تک جیل سے باہر نہیں آنے دینا، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ معاہدے کےتحت شاید الیکشن کے بعد بھی انہیں باہر نہ آنے دیا جائے۔
علیمہ خان نے عدالتی کارروائی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہمیں عدالتوں سے کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے، وکلاء اپنی کوششیں جاری رکھیں گے لیکن عوام کو کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے۔