کراچی/تہران:ایران نے امریکی حملے کے جواب میں قطر اور عراق میںامریکی اڈوں پرمیزائل دیئے جبکہ پاکستان نے کشیدہ صورتحال کے باعث خلیجی ممالک کے لئے فضائی آپریشن منسوخ کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایران نے قطر میں واقع امریکا کے سب سے بڑے فضائی اڈے الحدید پر 6 میزائل داغ دیئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ کے آسمان پر روشنی چک رہی ہے اور آگ کے شعلوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مختلف مقامات پر دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی گئیں۔ ایسا ایران کے دوحہ میں واقع امریکی ایئر بیس پر میزائل حملے کی وجہ سے ہے۔ ایران نے کم از کم 6 میزائل داغے ہیں۔
یرانی حملوں کے بعد قطری وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قطر نے پیشگی سکیورٹی اقدامات کے طور پر امریکا کے العدید فوجی اڈے کو خالی کرادیا تھا۔قطر کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے امریکی العدید ائیر بیس کی جانب فائر کیا گیا ایک میزائل تباہ کردیا ہے۔اسی طرح عراق میں بھی ایک امریکی فوجی اڈّے پر حملے کی اطلاع ہے جس کے بارے میں تفصیلات ابھی سامنے آرہی ہیں۔ گزشتہ روز ایران نواز عسکری تنظیم نے شام میں بھی ایک امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جس کے بعد ہائی الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے بحرین اور کویت کے امریکی اڈوں پر بھی ایرانی حملے کا دعویٰ کیا ہے۔خلیجی ریاستوں میں متحدہ عرب امارات بھی وہ ملک ہے جہاں امریکی فوجی اڈّے موجود ہیں اور ایران ممکنہ طور پر اسے بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔اس خدشے کے پیش نظر متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور حفاظتی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے قطر میں ائیربیس پر میزائل حملوں پر ردعمل میں کہا ہے کہ ہمارے اس اقدام سے ہمارے دوست اور برادر ملک قطر اور اس کے شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں۔ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی جانب سے جاری بیانب میں کہا گیا ہے کہ جو تم پر حملہ کرے اس پر اسی طرح حملہ کرو جس طرح اس نے کیا، ایران کی جوہری تنصیبات کے خلاف امریکا کے حملے کے جواب میں ایران کی مسلح افواج نے قطر کے شہر دوحا کے العدید اڈے کو تباہ کر دیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس کامیاب آپریشن میں استعمال ہونے والے میزائلوں کی تعداد ان بموں کے برابر تھی جو امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے میں استعمال کیے تھے۔
علاوہ ازیں قومی ائیرلائن نے ایران کی جانب سے قطر میں امریکی ائیر بیس پر حملوں کے بعد پاکستان سے قطر، بحرین، کویت اور دبئی کا فضائی آپریشن منسوخ کردیا۔ترجمان نے بتایا کہ پروازوں کی منسوخی کا فیصلہ خلیجی ممالک میں جنگی صورتحال کے باعث کیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ حالات معمول میں آنے کے بعد قومی ائیرلائن کی پروازیں دوبارہ شروع کردی جائیں گی۔