موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی جہاں سرد ممالک سے پرندوں کی سندھ کے ساحلی علاقوں میں آمد میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، وہیں غیر قانونی شکاریوں نے بھی مہمان پرندوں کو نشانہ بنانے کیلئے کمر کس لی ہے تاہم محکمہ جنگلی حیات کے ذمہ داران بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے غافل نہیں۔
محکمہ جنگلی حیات نواب شاہ ڈویژن کے کنزرویٹر دارا منیر قاضی کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ گیم آفیسر اسد علی مری کی قیادت میں ٹیم نے سانگھڑ کے مختلف علاقوں میں ساحلی علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں، جس میں بڑی تعداد باز کے شکار میں استعمال ہونے والا سامان، جال، ٹیپ ریکارڈ و دیگر اشیاء برآمد کی گئیں۔
محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم میں گیم واچر محمد بچل جونیجو، حنیف منگریو، حاجی جونیجو، مشتاق احمد کنبھر نے حصہ لیا، کارروائیاں 21 اکتوبر سے لیکر 22 اکتوبر کے درمیان کی گئیں تاہم کسی شکاری کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
واضح رہے فالکن کا شکار ستمبر سے شروع ہوکر دسمبر کے آخر تک جاری رہتا ہے،اس وقت پیک سیزن میں ان کی مانگ اور قیمت بھی عروج پر ہے۔