لاہور:پنجاب حکومت کے محکمہ وائلڈ لائف نے جنگلی حیات خاص کر کالے ہرن اور تلور کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا۔ پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تھرمل ٹیکنالوجی اورمصنوعی ذہانت کے استعمال سے ان جنگلی حیات کا تحفظ ممکن ہوسکے گا جن کی بقا کو خطرات لاحق ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کے مطابق تھرمل ٹیکنالوجی جانوروں کے جسم سے خارج ہونے والی حرارت سے ان کا پتا لگاتی ہے۔ محکمہ جنگلی حیات نے تھرمل ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ابتدائی تصاویر حاصل کرلی ہیں۔
واضح رہے کہ کالے ہرن اور تلور دونوں کی ہی بقا کو خطرات لاحق ہیں۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پہلی بار تمام جنگلی حیات کا سروے ہورہا ہے تاکہ ان کی تعداد، رہائش کے مقامات اور تحفظ کے لیے ضروری ڈیٹا حاصل ہوسکے۔