22مارچ کی رات ایک مارکیٹ سے گزر ہوا ،مارکیٹ بند ہو نے کا وقت تھا،دونوجوان آپس میں گفتگوکررہےتھے۔ایک نے استفسار کیا: یار! 23 مارچ کو چھٹی کیوں ہوتی ہے ۔دوسرے نے جو جواب دیا وہ یقینا ہر محب وطن کےلئے لمحہ فکریہ ہے ۔نوجوان نے کہا:یہ تومعلوم نہیں بھائی، بس اتنا معلوم ہے کہ کل چھٹی کا دن ہے ۔
نوجوا ن کی یہ بات سن کر دل بہت دل دکھا، راہ چلتے کافی دیراسی بات نے ذہن کو مفلوج کر کے رکھااور یہ سوچنے پر مجبور کردیا کہ کیا واقعی ہمارے آج کے نوجوان کی ذہنی پستی اور علم سے دوری اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ انہیں یہ نہیں معلوم کہ جس آ زاد ریاست پاکستان میں ہم آزادی کے سا تھ سانس لے رہے ہیں ،اسی وطن عزیز پاکستان کی “قرارداد” “دوقومی نظریئے” کی بنیاد پر ‘قرار داد پاکستان “23مارچ1940ء کو لاہور میں مینار پاکستان کے مقام پر منظور ہوئی ۔اور بہت ہی قلیل عرصے یعنی کہ سا ت سال میں لاتعداد قربانیاں پیش کر نے کے بعد 14 اگست 1947کو پاکستان معروض وجود میں آیا۔
بلا شبہ اسلام کی بنیاد پر پاکستان کا قیام اللہ تبارک وتعالیٰ کی انمول نعمت ہے۔ لیکن لمحہ ء فکریہ ہے کہ ہمیں صرف چھٹی ہی سے غرض کیو ں ہے ۔کیا ہمیں یہ نہیں معلوم ہونا چا ہئے کہ پانچ فروری کو پاکستانی قوم بھارتی ظلم و بر بریت کا شکار کشمیری عوا م کے سا تھ “یوم یکجہتی” مناتی ہے۔ مارچ1940کو “قرارداد پاکستان” منظور ہو ئی ۔14اگست1947ء کوپاکستان آزاد ہوا۔ چھ ستمبر 1965 کوجب بھارتی افواج نے اچانک لاہور پر حملہ کیا تو پاکستان نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ لہذا،اس دن کو “یوم دفاع” کے طور پر منایا جا تا ہے۔ نونومبر کوعظیم شاعر اور پاکستان کا خواب دیکھنے والے ڈا کٹرعلامہ اقبا ل کی پیدائش کا دن منایا جاتا ہے اور25 دسمبر کو علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر پورا کرنے میں مرکزی کردار ادا کر نے والے بانیء پاکستان قا ئد اعظم محمد علی جناح کا “یوم پیدا ئش” منایا جاتا ہے۔
لہذا،اس لئے پاکستانی عوام کےلئے ملک بھر میں عام تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ علاقائی سطح پر بھی ان اہم دنوں کی اہمیت پرروشنی ڈال کرعوام کوآگا ہی فراہم کی جائے ۔بتایا جائے کہ ان تعطیلات کا مقصد صرف چھٹی منانا نہیں بلکہ یہ دن وطن سے تجدید عہد وفا کا دن ہے۔اور وطن کی بقا کی خاطر ہر قربانی پیش کر نے کے عزم کا دن ہے ۔