ٹی-20 وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ 2023 کا آغاز 4 اکتوبر سے

کراچی سے کلثوم جہاں کی رپورٹ:

ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ 2023 کا آغاز 4 اکتوبر سے نیپال میں ہورہا ہے، جس میں مشترکہ میزبان پاکستان اور نیپال، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

ایونٹ میں 11 میچز کھیلے جائیں گے، ایشیا کپ کا فائنل 9 اکتوبر کو تریبھون یونیورسٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کٹھمنڈو میں کھیلا جائے گا۔ دفاعی چیمپئن پاکستانی اسکواڈ دوسرے ٹی ٹوئنٹی کیلئے 2 اکتوبر کی صبح دبئی سے براستہ کھٹمنڈو، نیپال روانہ ہوگا اور نیپال کیخلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔

قومی ٹیم کی قیادت محمد ذیشان کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں عمران امین، ساجد علی عباسی، محمد فیض، محمد لطیف، احمد یار، وکٹ کیپر موذن نواز، محسن تھبیل، عمر گل، محمد عدنان، محمد شاہد، مثل خان، آصف ندیم، ذوالفقار سواتی اور خالد شاہ شامل ہیں۔

تمام ٹیمیں 3 اکتوبر کو نیپال پہنچیں گی اور ایونٹ سے قبل ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ 2023 کا آغاز رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا۔

تمام میچز کی لائیو اسٹریمنگ پاکستان انٹرنیشنل کونسل آف وہیل چیئر کرکٹ (آئی سی ڈبلیو سی)، پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے یوٹیوب چینل میں ہوگی اور ٹی وی چینل ایکشن اسپورٹس (نیپال) میں براہ راست نشر کئے جائیں گے۔

خیال رہےکہ ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ 2023 کا انعقاد پاکستان میں ہونا تھا تاہم پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے ایونٹ کو نیوٹرل وینیو نیپال منتقل کرنا پڑا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں