کراچی:رپورٹ ۔۔رضوان جلالی
کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی عدم دستیابی سنگین صورت اختیار کرتی جارہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بھٹائی کالونی کنٹونمنٹ ایریا کورنگی کریک اور قریبی علاقوں میں پانی کا شدید بحران کے باعث علاقے کے عوام پانی کو ترس گئے۔ان علاقوں میں پرائیویٹ ٹینکر مافیا کا راج ہے اورعوام مہنگا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔واٹر بورڈ کی جانب سے کئی روز سے پانی کی فراہمی مکمل بند ہے،عوام نے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو کنٹونمٹ بورڈ فہیم علی کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کی جانب سے ہمارے علاقے میں ہمارے حصہ کا پانی نہیں دیاجارہا۔انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی کے حوالے سے ہماری واٹر بورڈ کی انتظامیہ سے روزانہ بات ہورہی ہے تاہم واٹر بورڈ کی جانب سے کوئی مثبت رسپانس نہیں دیا جارہا اور ان کی جانب سے روایتی حیلے بہانوں کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب علاقے کے عوام نے کہا ہے کہ بھٹائی کالونی کنٹونمنٹ ایریا کورنگی کریک میں عوام کے لیے پانی بند کردیا گیا ہے۔نماز کے لئے وضو تک کے لیے پانی میسر نہیں ہے۔عوام پانی کے حصول کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔علاقہ مکین پینےکا پانی مہنگے داموں خریدکر گزارا کرنے پرمجبور ہیں۔علاقہ مکینوں نے گورنر سندھ،وزیر اعلی سندھ اور متعلقہ انتظامیہ سے پینے کے پانی کا مسئلہ سنجیدہ بنیادوں پر حل کرانے کی اپیل کی ہے۔