اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے ملک میں غیر رجسٹرڈ وی پی این بلاک کرنا شروع کردیے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے ملک میں غیر رجسٹرڈ وی پی این بلاک کرنا شروع کردیے ہیں اور یہ فیصلہ وی پی این کی وائٹ لسٹنگ کےلیے کیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ غیر رجسٹرڈ وی پی این سکیورٹی رسک ہیں، غیر رجسٹرڈ اور غیرقانونی وی پی این سے حساس ڈیٹا تک رسائی ہوسکتی ہے جب کہ غیر رجسٹرڈ وی پی این سے غیرقانونی مواد تک رسائی بھی ہوسکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے 2010 میں وی پی این کی رجسٹریشن کا آغاز کیا اور اب تک 20 ہزار 500 کے لگ بھگ وی پی این رجسٹرڈ کیے جاچکے ہیں جب کہ 1422 سے زائد کمپنیاں اب تک وی پی این رجسٹرڈ کراچکی ہیں۔وی پی این ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کا مخفف ہے اوریہ ایک ایسے نیٹ ورک کا نام ہے جو صارفین کو پوشیدہ طور پر براو¿زنگ کی اجازت دیتا ہے۔ایسے تمام ممالک جہاں پر انٹرنیٹ صارفین کی سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی ممکن نہیں ہوتی وہاں پر وی پی این کی مدد سے صارفین اپنا مقام تبدیل کرکے ان سوشل میڈیا سائٹس کو استعمال کرسکتے ہیں۔