اسلام آباد:وفاقی حکومت نے ملک بھرمیں یوٹیلٹی اسٹورزکوبند کرنے کافیصلہ ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو بند کرنے کے منصوبے کے خلاف یو ایس سی نے کمر کس لی اور بھرپورمزاحمت کی تیاری کرلی ہے۔ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن انتظامیہ نے وفاقی حکومت کے منصوبے کے خلاف پارلیمنٹ سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی فیصلے کے خلاف قومی اسمبلی اور سینیٹ کمیٹیوں صنعت و پیداوار سے رجوع کیا جائے گا۔قائمہ کمیٹیوں کو یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے اثرات سے آگاہ کیا جائے گا۔ کمیٹیوں سے درخواست کی جائےگی کہ معاملہ پارلیمنٹ اجلاس میں اٹھایا جائے۔
ذرائع یو ایس سی کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے سے ہزاروں ملازمین نوکریوں سے فارغ ہو جائیں گے، یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش سےکروڑوں پاکستانی سستی اشیاضروریہ سے محروم ہوجائیں گے۔سیکرٹری صنعت وپیداوار نے بتایا کہ وفاقی حکومت یوٹیلیٹی اسٹوروں بند کرنے کا فیصلہ کررہی ہے، رائٹ سائزنگ کمیٹی نے تجاویز تیار کی ہیں جس میں مختلف وزارتیں شامل ہیں۔سیکریٹری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پاس پیسے نہیں ہیں جس کے باعث یہ فیصلہ کیاجارہا ہے ، کابینہ کی منظوری کے بعد جو ٹائم لائن طے ہوگی اس پر اسٹورز بند ہو جائیں گے۔سیکریٹریرائٹ سائزنگ کمیٹی کی دیگر اداروں کو بند کرنے تجویزکی منظوری کابینہ دے گی۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرسیف اللہ نیازی نے سوال کیاکہ کیا حکومت یوٹیلیٹی اسٹوروں بند کرنے جا رہی ہے؟ تو سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کہا کہ جی حکومت یوٹیلیٹی اسٹوروں بند کرنے پر غورکر رہی ہے، ملازمین کو دوسرے اداروں میں بھیجنے کیلئے کام جاری ہے۔انھوں نے بتایا کہ حکومت غیرضروری کاروبارسے باہر نکلنا چاہتی ہے، اسٹوروں پر ریلیف دینے سے مقابلے کی فضا ختم ہوجاتی ہے۔