سندھ بھرمیں ماحول دوست سستی بجلی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، سید ناصر حسین شاہ

سکھر: صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ نے کہا ہے کہ سستی بجلی فراہم کرنے کیلیے سندھ کے ہر ضلع میں منی گرڈز قائم کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ ہم وفاقی حکومت میں نہیں ہیں پھر بھی دونوں صوبوں میں حکومت کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر توانائی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے عوام کو 300 یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا ہے۔

ناصر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں تقریباً 20 لاکھ گھرانوں کے پاس بجلی کے کنکشن نہیں ہیں،پہلے مرحلے میں ہم انہیں سولر پینل بجلی فراہم کریں گے ۔

انہوں نے سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے سربراہ سے اس شدید گرم موسم میں لوڈ شیڈنگ کے اوقات کو کم کرنے کی درخواست کی۔

وزیر توانائی نے کہا کہ سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کرنے کے لیے صوبے کے ہر ضلع میں چھوٹے چھوٹے علاقوں میں منی گرڈز قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ ماڈل پروجیکٹ کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ مزید آگے بڑھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں