مسلم حکمرانوں کے جہاد تک فلسطین و کشمیر آزاد نہیں ہوگا، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جب تک مسلم حکمران جہاد نہیں کریں گے فلسطین و کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔

جماعت اسلامی کی جانب سے فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کےلئے لاہور میں غزہ مارچ کیا گیا جس میں بچوں و خواتین سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

مارچ میں مختلف سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی ، ن لیگ، پی ٹی آئی ، وحدت المسلمین کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کچھ خواتین نے اپنی سونے کی بالیاں اتار کر فلسطین فنڈ میں دیدیں۔ حماس کے رہنما ڈاکٹر نواف تکروری نے غزہ مارچ سے آن لائن خطاب کیا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا لاکھوں کا اجتماع اس دشمن کےلئے موت کا پیغام ہے جس نے بیت المقدس پر قبضہ کیا، فلسطین میں بچوں اور ماؤں کو شہید کیا، آج کے مارچ میں حماس کے لیڈر کو پیغام دیا کہ آپ اکیلے نہیں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 70 سال میں فلسطینیوں نے ایک لمحے کے لیے دشمن کا قبضہ قبول نہیں کیا، بچوں نے گولی کھاکر ٹینکوں کا مقابلہ کیا، 44روز سے وہاں قتل غارت جاری ہے، قیامت برپا ہے، اسرائیلی بمباری میں فلسطینی بچوں کے ہاتھ پاؤں اُڑگئے، وہ جب ہوش میں آتے ہیں تو اپنی ماؤں سے پوچھتے ہیں ہمارے ہاتھ پیر کہاں گئے، ہمارے مسلمان بھائی ہماری مدد کو کب آئیں گے؟ پاکستان کی اور ایران کی فوج کب آئے گی، مسلمان حکمران اپنے رب کو مظلوموں کی ان صداؤں کا کیا جواب دیں گے؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں