مسلم حکمران غزہ کے ملبے کا ڈھیر بننے کا انتظار نہ کریں، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلم حکمران غزہ کے ملبے کا ڈھیر بننے کا انتظار نہ کریں۔

شارع فیصل کراچی پر غزہ کے محصور اور مظلوم فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کےلیے جماعت اسلامی نے مارچ کیا، جس سے سراج الحق نے خطاب کیا۔

انہوں نے غزہ کے معاملے پر ایران کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ مسلم ملکوں کے حکمران غزہ کے ملبے کا ڈھیر بننے کا انتظار نہ کریں، غزہ کے معاملے پر ایران نے شاندار کردار ادا کیا۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ غزہ کے مجاہدین ہمارا روشن مستقبل ہیں، اسرائیل کی شکست یقینی ہے، روز غزہ پر بمباری ہوتی ہے، جس میں ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے 1 ہزار بار فلسطین کےحق میں قرار دادیں منظور کی ہیں، ہم نے مشاہدہ کیا کہ نوجوانوں نے غلیلوں سے ٹینکوں کا مقابلہ کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ فلسطین کے مجاہدین نے مسجد اقصیٰ کے تقدس کا حق ادا کیا، پاکستان کے عوام نے ثابت کیا کہ ان کا جینا مرنا بیت المقدس کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی مائیں اپنے بچوں کو جہاد کے لیے تیار کرتی ہیں، امریکا نے افغانوں پر ہزاروں ٹن بارود برسائے لیکن انجام کیا ہوا؟ امریکا کو شکست ہوئی، افغانوں نے امریکا کے خلاف بغاوت کی اور جہاد کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ فلسطینیوں پرظلم کی نئی داستان رقم کی جا رہی ہے، مسلم حکمران ٹس سےمس نہیں ہو رہے، امت کو اس وقت صلاح الدین ایوبی کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے اسرائیل سے تعلقات منقطع کرلیے، یہ عمل قابل ستائش ہے، نگراں وزیراعظم سے کہتا ہوں چین جانے کا وقت نہیں، مسجد اقصیٰ جانے کا وقت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل کو نہ روکا گیا تو تیسری عالمی جنگ شروع ہوسکتی ہے، سیاستدان فلسطین کو بچانے کے لیے ایک ایجنڈے پرجمع ہوجائیں، بوسنیا میں قتل عام کے خلاف جماعت اسلامی نے آواز اٹھائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں