چترال: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قابض ریاست اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم میں ملوث ہے، امریکی صدر کا ایسے وقت میں اسرائیل کا دورہ جب غزہ میں اسپتالوں اور اسکولوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور معصوم بچے شہید ہو رہے ہیں اس بات کا ثبوت ہے کہ واشنگٹن کھلم کھلا جارح کی حمایت میں آ گیا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ دنیا کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ ظالم کی طرف کوئی دیکھنے کی جرات نہ کرے۔ اسلامی ممالک کے حکمرانوں نے دلیرانہ موقف نہ اپنایا تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پونے 2 ارب مسلمان ان کی طرف دیکھ رہے ہیں، فلسطین کی آزادی کے فیصلہ کن لمحات آن پہنچے ہیں۔ 40اسلامی ممالک کی مشترکہ فوج جس کی سربراہی پاکستانی فوج کے ایک سابق سپہ سالار کے پاس ہے، کو خاموش نہیں رہنا چاہیے۔