کراچی:سندھ سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور وفاق کے بعد اب اس صوبے میں بھی تمام غیر ضروری اسامیاں ختم کی جا رہی ہیں۔اطلاعات کے مطابق وفاق کے بعد سندھ میں بھی غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور چیف سیکریٹری سندھ نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو مراسلے ارسال کر دیے ہیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، سیکریٹریز، ممبر بورڈ ا?ف ریونیو، رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ، کمشنرز کو خطوط لکھ کر اس حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔چیف سیکریٹری نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ سندھ کابینہ نے 14 ستمبر کو غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب اس پر عملدرآمد کا وقت آ گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تمام محکمے غیر ضروری اسامیاں ختم کریں اور جو پوسٹیں عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں، انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ مختلف اسباب کے باعث یہ اسامیاں اپنی اصل اہمیت کھو چکی ہیں اور غیر ضروری اسامیوں کے باعث سرکاری خزانے کو بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باعث فوری غیر ضروری پوسٹوں کو ختم کیا جائے۔ ان اسامیوں کے خاتمے سے گورننس بہتر اور مالی مشکلات کم ہونگی۔چیف سیکریٹری کی جانب سے مراسلے کے ساتھ 11 نکاتی پرو فارما بھیجا گیا ہے، جس میں اسامیوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔