سندھ حکومت کی 2023ء کے اشتہارات پر 54 ہزار سے زائد بھرتیاں کالعدم

کراچی: عدالت عالیہ نے سندھ حکومت کی 2023ء کے اشتہارات پر کی گئی 54 ہزار سے زیادہ بھرتیوں کو کالعدم قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کی گزشتہ سال اگسست (2023ء) کے اشتہارات پر گریڈ ایک تا 15 کی گئی 54 ہزار سے زیادہ بھرتیوں کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ آئندہ واک ان انٹرویو کے تحت نوکریاں نہیں دی جائیں گی۔

ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست پر سنائے گئے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت بھرتیوں کے حوالے سے بنائے گئے قوانین پر عمل کرتے ہوئے نئی بھرتیاں کرے اور گریڈ ایک تا 4 اور 5 تا 15 کی پوسٹوں پر بھرتیاں ضلعی بنیاد پر کی جائیں۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے گزشتہ سال اگست میں ہونے والی 54 ہزار سے زائد بھرتیوں کو چیلنج کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت عالیہ نے 22 جون کو گریڈ ایک تا 15 پر جاری حکم امتناع میں مزید توسیع کر دی تھی اور سماعت 29 جون تک ملتوی کردی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں