سندھ میں ٹیکس نظام کو ون لنک سے جوڑدیاہے، شرجیل میمن

کراچی:حکومت سندھ نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ٹیکس نظام کو ون لنک سے جوڑ دیا ہے، جس کے تحت عوام اب گھر بیٹھے ٹیکس ادا کر سکیں گے۔

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز و ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نئی ڈیجیٹل سروس عوام کا وقت بچانے، پریشانی کم کرنے اور عوام کی انگلیوں تک سہولت لانے کے لیے بنائی گئی ہے، نئے آن لائن نظام سے شفافیت کو فروغ ملے گا، عوام اب گھر بیٹھے گاڑیوں کے ٹیکسز ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی وقت ٹیکس کی ادائگی منٹوں میں محفوظ اور قابل اعتماد طریقے سے کر سکیں گے، محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن عوام کو بہترین کارکردگی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے.

انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چوکیاں قائم کی جائیں گی، جہاں گاڑیوں کی ٹیکسیشن کے حوالے سے چیکنگ کی جائے گی اور ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں کراچی ٹول پلازہ پر ایک کیوسک قائم کیا جائے گا، جہاں گاڑیوں کا ٹیکس رکارڈ چیک کیا جائے گا اور ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کو اس وقت تک روک دیا جائے گا، جب تک گاڑی مالکان ٹیکس ادا نہیں کریں گے۔

سندھ کے سینئر وزیر کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا اہم اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز و ٹیکسیشن سلیم احمد راجپوت، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب اکبر پنہور اور دیگر ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے شو رومز پر گاڑیوں کی رجسٹریشن آسان بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ جبکہ پریمئم نمبر پلیٹس کے اجراع کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن کہا کہنا تھا کہ پریمئم نمبر پلیٹس کے اجراع کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کیا جائے گا، اور دوسرے مرحلے میں 50 نمبرز کی سیلاب زدگان کے لئے فنڈ ریزنگ ایونٹ کے تحت جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پریمئم نمبرز کے اجراع کے لئے آن لائن فنڈ ریزنگ ایونٹ بھی منعقد کیا جائے گا جہاں عطیہ دہندگان کے حصول کے لیے تقریباً 200 نمبر دستیاب ہوں گے، اس سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب زدگان کے لئے گھر بنانے کے لئے عطیہ کی جائے گی۔ 29 جون 2024 کو منعقد ہونے والے پہلے فنڈ ریزنگ ایونٹ میں پہلے سے ہی پریمیم نمبر پلیٹس حاصل کرنے والوں کو علیحدہ اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں