سندھ فوڈ اتھارٹی ضلع کیماڑی کی جانب سے شہریوں کی صحت کے پیش نظر تابڑ توڑ کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
سندھ فوڈ اتھارٹی ضلع کیماڑی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بشیر خان کی قیادت میں اسسٹنٹ کمشنر شائشتہ جبیں اور تھانہ جیکسن پولیس کی موجودگی میں جیکسن مارکیٹ کے باہر کامیاب کارروائی کی گئی، اس دوران کیمیکل ملا سینکڑوں لیٹر دودھ عوام کی آنکھوں کے سامنے ضائع کیا گیا۔
اس کے علاوہ سندھ فوڈ اتھارٹی ضلع کیماڑی کی ٹیم نے دودھ کی دیگر دکانوں اور پکوان سینٹرز کا معائنہ بھی کیا، صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر جرمانے بھی عائد کئے۔
اس موقع پر سندھ فوڈ اتھارٹی ضلع کیماڑی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بشیر خان نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ڈی جی SFA آغا فخر حسین نے بھرپور اور موثر ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے، کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
بشیر خان کا کہنا تھا کہ حفظان صحت کے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، کھانے پینے کی ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔