فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی بمباری پر پاکستانی شوبز ستاروں کاغم وغصہ

لاہور:فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی بمباری پر پاکستانی شوبز ستارے بھی پھٹ پڑے۔سوشل میڈیا پر اداکارہ ماہرہ خان نے ایک پوسٹ شیئر کی اور اپنے غم وغصے کے جذبات کا اظہار کیا، انہوں نے اسرائیل پر سخت تنقید بھی کی۔ماہرہ نے پوسٹ کے کیپشن میں کہا کہ اسرائیل نے ایک سیف زون میں سوتے ہوئے لوگوں کے خیمے جلا کر انہیں مار ڈالا، یہ کون سی دنیا ہے جہاں لوگ جلے ہوئے بچوں کو دیکھ کر بھی کانپتے نہیں؟ ۔

اس کے علاوہ اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس نے بھی سانحہ رفح کے بعد انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی۔انہوں نے کہا کہ دنیا جہنم بن رہی ہے، انسانیت ختم ہو گئی ہے۔اداکارہ یمنیٰ زیدی نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے لوگوں سے فلسطین کے لیے کھڑے ہونےکا مطالبہ کیا۔

اداکارہ نیمل خاور خان نے بھی انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی اور ساتھ ہی کچھ اسٹوریز پوسٹ کیں۔نیمل نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ یا اللہ مدد فرما، رفح کے لوگوں کے لیے میں خود کو بے بس محسوس کررہی ہوں، ساتھ ہی غم و غصے کی کیفیت ہے، ان لوگوں کی تباہی اور تکلیف الفاظ میں بیان نہیں ہوسکتی۔

دوسری جانب گلوکار عمیر جسوال، اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین، اداکار علی رحمان اور اداکارہ عائشہ عمر کی جانب سے بھی رفح کی صورتحال پر شدید دکھ کا اظہار کیا گیا۔اس سے قبل بالی وڈ شخصیات نے بھی رفح پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔

واضح رہے کہ غزہ میںفلسطینی عوام پراسرائیل فوج کی جارحیت جاری ہے اور 26 مئی کو رفح میں اسرائیلی فوج نے محفوظ قرار دیے گئے علاقے میں موجود کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 75 سے زائد فلسطینی زندہ جل کر شہید اور درجنوں جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں