کراچی میں سی ویو پر تحریک انصاف کی انتخابی ریلی میں بعض رہنماوں کی عدم شرکت پر سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ شیر افضل مروت برہم ہوگئے۔
شیر افضل مروت نے کارکنان کے ہمراہ ریلی کی قیادت کی، اس موقع پر خرم شیر زمان، آفتاب جہانگیر، فہیم خان، راجا اظہر، سعید آفریدی، ایڈووکیٹ علی پلھ، ایڈوکیٹ رحمان مہیسر و دیگر بھی موجود رہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ آج سندھ کی قیادت ڈھونڈنے پر نہیں مل رہی، جتنے ٹکٹ ہولڈر آئے، ان کو سلام، جو نہیں آئے ان پر لعنت بھیجتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری صفوں میں بزدلوں کی جگہ نہیں، عمران خان کو بتاؤں گا، جو امیدوار بزدلی سے گھر میں بیٹھے رہے، ہمت نہیں تھی نکلنے کی تو ٹکٹ کیوں مانگا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اہلیان کراچی کو سلام پیش کرتا ہوں، یہاں انتخابی مہم کیلئے آیا، عوام خود گھروں سے نکل کر آئے، آج جو لوگ نکلے وہ غیور ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ عدالتوں میں انصاف کے منہ پر کالک مل دی، عدالتوں نے بلا چھینا، ہمارے امیدوار گرفتار ہوئے، کاغذات چھینے گئے، پاکستانیوں کے خلاف سازش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کی پی ٹی آئی سے محبت کا اندازہ ہے، صبح سے رکاوٹیں لگائی گئیں، پولیس کے ڈالے گھوم رہے تھے، جس طرح ورکرز نکلے انہیں سلام، 8 فروری تک جمہوری جنگ لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ہتھکنڈے کا جواب 8 فروری کو دیں گے، پیپلز پارٹی نے کراچی کو 15 سالوں میں کچھ نہیں دیا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اڈیالہ میں عمران خان آپ کی جنگ لڑرہا، خان کہتا ہے پاکستانیوں یہ آپ کو ڈرائیں گے لیکن آپ نے مایوس نہیں ہونا۔ جب آپ کا لیڈر نہیں ڈرا تو آپ بھی مت ڈریں۔ 15 جنوری کو حیدرآباد جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔
Sher Afzal Merwat Karachi