صوبائی حکومتیں بجلی کی چوری روکنے کیلئے ڈسکوز سے تعاون کریں،وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایات دی ہیں کہ صوبائی حکومتیں ڈسکوز (بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں) سے تعاون کریں‌اور ان کو بجلی چوری روکنے کیلئے پولیس اور تحصیلدار فراہم کریں۔ وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وزارت توانائی اور پاور ڈویڑن کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء احسن اقبال اور اویس لغاری سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کو پاورڈویژن کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنانا اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی ترسیل کی 5کمپنیوں میں نئے بورڈ چیئرمین، ممبران کی تعیناتی شفاف طریقے سے کی گئی۔

امید ہے ان نئی تعیناتیوں سے ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، صوبائی حکومتیں ڈسکوز کی ضرورت کے مطابق انسداد بجلی چوری کے لیے پولیس اور تحصیلدار دیں۔ وزیراعظم نے اجلاس میں ڈسکوزکی شکایات کے ازالے سے متعلق کچہریوں کا نظام موثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی جبکہ شہباز شریف نے بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں