زرداری، نواز، فضل الرحمان غدار، عوام کڑا احتساب کریں گے، شیر افضل مروت

تحریک انصاف نے پشاور، نوشہرہ کےبعد کوہاٹ میں بھی میدان سجالیا، ورکرز کنونشن میں کارکنان کی کثیر تعداد نے پولیس حکام کو بھی حیران کردیا، رکاوٹیں کسی کام نہ آسکی۔

کوہاٹ کا جنانہ فٹبال گروانڈ کارکنوں سے کھچا کھچ بھرگیا، پولیس کی جانب سے کنونشن ناکام بنانے کیلئے ضلع بھر میں ناکہ بندیاں کی گئی تھیں۔

تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ شیر افضل مروت بھی پولیس کو چکمہ دینے میں کامیاب رہے، انہوں نے موٹر سائیکل پر فلمی انداز میں کنونشن میں انٹری دی، جس پر کارکنان نے خوشی کا اظہار کیا اور نعرے بازی کی۔

ورکرز کنونشن سے خطاب میں ایڈووکیٹ شیر افضل مروت نے کہا کہ ہمیں جھوٹے مقدمات اور دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا، زرداری، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان غدار ہیں، عوام الیکشن میں کڑا احتساب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہےکہ اُن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے، کچھ بھی ہو، ڈیل کروں گا نہ ملک چھوڑ کر جاوں گا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان کا پیغام کوہاٹ کو پہنچادیا، کپتان نے کہا کہ شہریار آفریدی نے کوہاٹ والوں کا سر فخر سے بلند کردیا، مشکلات میں وفاداری کی مثال قائم کردی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں جو بھی پارٹی پالیسی کے خلاف جائے گا، اُس کی حالت پرویز خٹک اور محمود خان سے بھی بدتر ہوگی، اب عوام مزید جبر اور ظلم برداشت نہیں کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں