صرف ایک جلسہ کرنے دیں، لگ پتہ جائے گا، عمران خان

بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہےکہ الیکشن سے 3 دن قبل مجھے صرف ایک جلسہ کرنے دیں، سب کو لگ پتہ جائے گا۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ میں تمام تحائف کا تخمینہ دبئی میں بھارتی شہری کی دکان سے لگوایا گیا، سارا کیس اسی گواہ پر تھا، جس پر آج جرح کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ 80 لاکھ کی جیولری کو 300 کروڑ روپے تک پہنچا دیا گیا، تحائف کی قیمت میں اضافہ ’’صاحب‘‘ کو خوش کرنے کیلئے کیا گیا، اوپر بیٹھے کرنل صاحب سن رہے ہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ معطل ہوچکا، مجھے نااہل کیا گیا، سزاء یافتہ نواز شریف کو کلیئر کردیا، میری نااہلی کے خلاف اپیل اور انسانی حقوق کی پٹیشن کو نہیں سنا جارہا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کاغذات نامزدگی مستردگی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ 4 روز سے تحریری آرڈر جاری نہیں کررہا، جس طرح کا الیکشن کروایا جارہا، ملک کا بیڑا غرق ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مفرور کو ہم پر مسلط کیا جارہا، قانون کی حکمرانی ختم ہوچکی لیکن ہم آخری گیند تک لڑیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس ووٹ بینک ہے، اسی لئے اسٹیبلشمنٹ سے یہ پارٹی نہیں ٹوٹ رہی، الیکشن ختم ہوتے ہی لوگ پی ٹی آئی کی طرف آئیں گے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا میچ پہلے سے فکس تھا، اسی لئے ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے کو التوا دیا جاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ایک پلان اللہ بناتا ہے اور ایک بندہ بناتا ہے، ہوتا وہی ہے جو اللہ کا پلان ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سب صرف اس لیے کیا جارہا ہےکہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں نہ آ جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں