خط لکھنے پر ججز کو سلام، فل کورٹ بنایا جائے، عمران خان

تحریک انصاف کے بانی چیئرمین، سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ خط لکھنے والے ججز کو سلام پیش کرتا ہوں، خواہش تھی فل کورٹ اس کی سماعت کرتا، 7 رکنی بینچ کمیشن سے بہتر ہے، شوکت عزیز صدیقی یا اس سے بھی پہلے کی تحقیقات کریں۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہےکہ بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا، انہیں کچھ ہوا تو اسٹیبلشمنٹ ذمہ دار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ججز نے جو خط لکھا یہ سب کو پتا ہےکہ جب سے رجیم چینج ہوئی، یہ بات تب سے چل رہی ہے، تمام 6 ججز کو سیلوٹ کرتا ہوں کہ انھوں نے جرات کا مظاہرہ کیا، ہمیں ججز پیغام دیتے ہیں کہ وہ بے بس ہیں، پولیس بھی کہتی ہے کہ ہم پر دباؤ ہے، جیل کو بھی آئی ایس آئی کنٹرول کررہی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عارف علوی کے ذریعے جنرل عاصم منیر کو پیغام بھیجا تھا کہ مجھے لندن پلان کا علم ہے، چیف الیکشن کمشنر، نگران حکومت نے لندن پلان پر عملدرآمد کیا، دھاندلی کا مقصد تحریک انصاف کو ختم کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ ایجنسیوں کے بغیر ایک قدم بھی نہیں اٹھاسکتے، 4 حلقے کھول دیں تو حکومت گرجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تصدق جیلانی نے کمیشن کی سربراہی سے انکار کرکے اچھا کیا، ججز کا خط لکھنا سنجیدہ معاملہ ہے، اس پر فل کوٹ کو سماعت کرنی چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے مستقبل کی جنگ چل رہی، سابق کمشنر راولپنڈی کو اب تک غائب رکھا گیا ہے، وسل بلور کو تحفظ ملتا ہے مگر کمشنر کو غائب کردیا جاتا، کمشنر راولپنڈی اور فارم 45 ایک ہی بات کی نشاندہی کررہے ہیں، اس پر تحقیقات کیوں نہیں ہوئیں؟

عمران خان نے کہا ہےکہ وزیر خزانہ اور ایس آئی ایف سی جو مرضی کرلیں، سرمایہ کاری نہیں آئے گی، کیوں کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد ختم ہوچکا، معیشت سست روی کا شکار ہے، ملک تباہی کی جانب بڑھ رہا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل فیض ہو یا کوئی اور تحقیقات لازمی ہونی چاہیے، فیض کی تقرری میں نے نہیں کی تھی، جنرل باجوہ نے ہمیں واضح طور پر کہا تھا اگر چپ نہ بیٹھے تو مقدمات بنائے جائیں گے اور سزائیں بھی ملیں گی، ڈونلڈ لو نے اپنے آپ کو اور امریکی حکومت کو بچانے کیلئے تردید کی، اسد مجید نے نیشنل سیکورٹی کونسل کی میٹنگ میں آکر دھمکی کا بتایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میری بیوی کے ساتھ جو کیا گیا، وہ خطرناک ہے، شہباز شریف کے خلاف تمام گواہ ہارٹ اٹیک کی وجہ سے مارے گئے، چند ماہ میں سب کی موت ہوگئی، مجھے ڈرانے کیلئے بشریٰ بی بی کو زہر دیا جارہا، انکوائری کروائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں