نواز کا نام ECL پر ڈالا جائے، ہارگیا تو دوبارہ لندن بھاگ جائے گا، عمران خان

بانی چیئرمین تحریک انصاف، سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ 8 فروری کو جو سماں ہوگا، وہ منظر ہی کچھ اور ہوگا، نواز شریف کا نام ECL پر ڈالا جائے، ہارگیا تو دوبارہ لندن بھاگ جائے گا۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قرآن پاک میں ہےکہ جو معاشرے امر باالمعروف و نہی عن المنکر پر نہیں چلتے، وہ تباہ ہوجاتے ہیں، قرآن میں ہےکہ منافق بدی کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، انصاف کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اٹھاکر سافٹ ویئر اپڈیٹ کیا جاتا ہے، یہ سافٹ ویئر اپڈیٹ کے اسپیشلسٹ بن چکے ہیں، ویگو ڈالا اٹھا کر لے جاتا ہے، اس کےبعد پتہ چلتا ہے بندے کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کی تمام قیادت کو اڑا دیا، انتخابی نشان چھین لیا، لوگوں کو اٹھاکر 9 مئی میں ڈالا جا رہا ہے، مریم کے فلیٹس کو کیوں نہیں پوچھا جاتا؟ نواز، مریم، زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں لیں، ان سے کیوں نہیں پوچھا جارہا؟

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیکھنا ہے، ہمارے امیدوار انتخابی مہم کیلئے نکلتے ہیں تو ان پر ایف آئی آر کٹ جاتی ہے، ان کی تمام توجہ پی ٹی آئی کو ختم کرنے پر لگی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب کرلئے گئے، خارجہ پالیسی پر کسی کی توجہ نہیں، پلان سی نہیں بتاسکتے ورنہ پھر ویگو ڈالا پہنچ جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے ویل چیئر سے بائیو میٹرک کراتے ہوئے گرفتار کیا گیا، نواز کی بائیو میٹرک ایئرپورٹ پر کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل میں موبائل فون سے آزاد ہوگیا ہوں، ریلیکس ہونے کا ٹائم مل جاتا ہے اور ورزش بھی کرلیتا ہوں، قوم کو فیصلہ کرنا ہےکہ انہیں غلام بننا ہے یا آزاد، جب تک زندہ ہوں لڑتا رہوں گا، غلامی قبول نہیں کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ این آر او کیلئے یہ پی ڈی ایم میں اکٹھے ہوئے تھے، ہمارا این آر او لینے والوں سے اتحاد نہیں ہوسکتا، میں پانامہ پیپرز میں نہیں پکڑا گیا، مجھ پر توشہ خانہ کا کیس بنایا گیا، جیل میں بیٹھ کر کہتا ہوں کڑے احتساب اور قانون کی بالادستی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں